پشاور پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے ایک ہائی ٹیک ڈرون تیار کرلیا ہے جو پولیس کی آپریشنل صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کرے گا۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق یہ جدید ڈرون 10 کلو میٹر رینج اور لیزر سسٹم سے لیس ہے۔ نوشہرہ پولیس سینٹر میں اس ڈرون کا کامیاب تجربہ کیا گیا جو 10 کلوگرام تک وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ترجمان کے مطابق ڈرون پر نائٹ وژن سرویلنس کیمرے، ٹیئر گیس شیلز اور مارٹر گولے بھی نصب کیے جا سکتے ہیں، جس سے یہ سیکیورٹی اور آپریشنل مقاصد کے لیے نہایت مؤثر ثابت ہوگا۔
ڈھانچے کے لحاظ سے ڈرون کا وزن 55 کلوگرام، لمبائی 2 میٹر اور رفتار 36 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، جب کہ یہ ایک ہزار میٹر کی بلندی تک پرواز کر سکتا ہے۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق جدید ڈرون میں آٹو انفارمیشن سسٹم بھی نصب ہے اور یہ تقریباً ایک گھنٹے تک مسلسل پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے۔







